اسلام آباد( نمائندہ نوائے وقت)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عدنان رسول لاڑک نے ارشد ملک ویڈیو سکینڈل کیس میں ملزمان سینیٹر ناصر بٹ ، حمزہ عارف بٹ سمیت دیگر کو بری کردیا۔دوران سماعت ملزم سینیٹر ناصر بٹ کی جانب سے انکے پلیڈر شعیب بٹ عدالت میں پیش ہوئے، ملزمان کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ شکایات کنندہ ارشد علی اور مرکزی ملزم میاں طارق فوت ہو چکے ہیں،شکایات کنندہ فوت ہونے سے کیس کا وجود ہی ختم ہو چکا ہے،ایف آئی اے نے دہشتگردی دفعہ کو ختم کر دیا اور اب مدعی ہی نہیں تو کیس کیسے چلا سکتا ہے،لیک ہونے والی ویڈیو میں کوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ملوث نہیں، عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر بریت درخواستیں منظورکرتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کرنے کا حکم سنادیا۔سینیٹر ناصر بٹ و دیگر کے خلاف مقدمہ نمبر 24 دو ہزار 19 میں درج کیا گیا تھا،مقدمہ سیکشن 13. 20. 21. 24 پاکستان الیکٹرونک کرائم دو ہزار سولہ کے تحت درج کیا گیا تھا،جج ارشد ملک نے سینیٹر ناصر بٹ و دیگر کے خلاف2019 میں مقدمہ درج کرایا تھا،ملزمان کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔