لاہور(کامرس رپورٹر)ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کیلئے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی سفارشا ت کی پیروی کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حال ہی میں ایس ایم ایز کیلئے کلین قرضے کی حد 1کروڑ روپے تک بڑھا دی ہے ۔یہ اسٹریٹجک اقدام ایس ایم ای کو فروغ دینے کے حکومت کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے ترجیحی شعبے کے اقدامات کا حصہ ہے جس کا مقصد ایس ایم ایزکے لیے مالیاتی رسائی کو بڑھانا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے ایک رسک کوریج اسکیم بھی متعارف کرائی ہے، جس سے بینکنگ سیکٹر کو اگلے پانچ سالوں کے دوران اپنی ایس ایم ای ایکسپوژر کو1.1 کھرب تک دوگنا کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اپنے ترجیحی شعبے کے اقدامات کے تحت، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ مالیاتی مصنوعات تیار کرنے اور فروغ دینے کے لیے فعال طور پر کام کر رہا ہے۔رسک کوریج اسکیم کا اجراء اور کلین قرض دینے کی حد میں اضافہ ایس ایم ایزکو انتہائی ضروری مالی لچک فراہم کرے گا، جس سے وہ اپنے آپریشنز کو وسعت دے سکیں گے انوویشنز میں سرمایہ کاری کر سکیں گے اور قومی معیشت میں زیادہ مؤثر طریقے سے اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔