اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد شبیر بھٹی کی عدالت میں زیر سماعت مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کیخلاف ہرجانہ کیس میں مرادسعید کی جونیئر وکیل نے دلائل کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران احسن اقبال کے وکیل قیصر امام کے معاون عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مراد سعید کے وکیل کی جونئیر ماہا ناصر عدالت میں پیش ہوئیں اور کہاکہ ہماری استدعا ہے کہ دلائل کے لئے مزید وقت دیا جائے، جس پر جج محمد شبیر بھٹی نے کہاکہ اس مہینے بحث نہ بھی ہوئی تو ججمنٹ آ جائے گی،عدالت نے مراد سعید کے وکیل کی جونئیر کی استدعا عدالت نے منظور کر لی اور سماعت 20 مارچ تک ملتوی کر دی۔احسن اقبال نے مراد سعید کیخلاف 10 ارب ہرجانہ کا دعوی دائر کررکھا ہے،مراد سعید کیجانب سے احسن اقبال پر ملتان سکھر موٹروے میں 70 ارب روپے رشوت کا الزام لگایا گیا تھا۔