حکومت کاروباری برادری کو پارٹنر سمجھتی ہے،معیشت کی بحالی کیلئے پرعزم :رانا تنویر

 لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی سے بجلی کی قیمت کم ہوئی ہے اور اپریل تک مزید کم ہوگی۔ حکومت کاروباری برادری کو پارٹنر سمجھتی ہے اور اسکے ساتھ تعاون کے ذریعے معیشت کی بحالی کیلئے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے فیصلہ کن اقدامات نے معاشی بحالی میں مدد دی، بالخصوص ان کے پہلے 2ر وزارت عظمیٰ میں انتھک کاوشوں نے ڈیفالٹ کے خطرے کو دور اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور سابق نائب صدر فہیم الرحمان سیگل بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا وزیراعظم نے ہمیشہ چارٹر آف اکانومی کی بات کی ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے مختلف ادوار حکومت کے دوران اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ 90کی دہائی میں نواز شریف حکومت نے پہلی مرتبہ معاشی اصلاحات متعارف کرائیں جنہیں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے اپنایا اور بھارت آج بھی ان سے فائدہ اٹھارہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن