کلرسیداں(نامہ نگار)وفاقی وزیرریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے کو جدید طرز پر بنانے پر کام شروع ہے جنوبی پنجاب کے لاکھوں عوام کی مشکلات کے پیش نظر ملتان سے ڈیرہ غازیخان شٹل ٹرین چلا دی گئی ہے 25 اپریل سے پشاور سے کراچی براستہ اٹک میانوالی،بھکر،لیہ،کوٹ ادو،تونسہ شریف،ڈیرہ غازیخان،جام پور،راجن پور،روجھان مزاری، کشمور،جیکب اباد، لاڑکانہ، دادو، سیہون شریف، کشمور،کوٹری سے کراچی تک خوشحال خان ایکسپریس کو بحال کر رہے ہیں یہ بہت اہم پیشرفت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلرسیداں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کے روز ان سے ملاقات کی اور انہیں وزارت ریلوے کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی وفد میں جاپان کے معروف کاروباری چوہدری غالب حسین،سابق چیئرمین یوسی منیاندہ چوہدری صداقت حسین، فیصل غالب شامل تھے وزیرریلوے نے کہا کہ ریلوے کو جدید طرز پر استوار کرنے جا رہے ہیں ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ریلوے کے سفر کو زیادہ محفوظ بنانے کی تیاریاں مکمل ہیں بہت جلد ریلوے اصلاحات سے اس کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے