کراچی (نیوزرپورٹر) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ زکوٰۃ غریبوں کا حق ہے یہ غربا ء پر ہی خرچ ہو نا چاہیے۔ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے کم آمدنی والا طبقہ پریشانی کا شکار ضروریاتِ زندگی کا حصول مشکل ہو گیا ہے ۔ کاروباری سرگرمیوں کی بندش سے متاثرغربا ء اور ضرورت مند وں کی داد رَسی کرنا دینی و قومی فریضہ ہے۔انہوں نے ایک نشست میں کہا کہ اسلام ایک دوسرے کے دکھ درد کو محسوس کرنے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے ،رب کے نزدیک پسندیدہ شخص وہ ہے جو دکھی ،غم زدہ اور محروم مخلوق کے کام آئے اور ان کی مشکلا ت کا مداوا کرے ۔ دین عبادت اور خدمت کا مجمو عہ ہے ،غربت اور بیروزگاری کے خا تمے کیلئے اسلام نے زکوٰۃ کی شکل میں غربت میں کمی کا جامع معاشی نظام فراہم کیا ہے ،زکوٰۃ خالصتاً غریبو ں ،مسکینو ں ،یتیمو ں اور بیوائوں کی خدمت کا ذریعہ ہے۔ا ن کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں زکوۃ وصولی اورتقسیم کے نظام کو شریعت کے مطابق شفاف بنا یا جائے اور دیانتدارانہ طریقے سے یہ مال مستحقین تک پہنچنے لگے تو غربت کے خاتمے میں بہتر مدد مل سکتی ہے۔ شاہ عبد الحق کا مزید کہنا تھا کہ طبی وبا کی وجہ سے پاکستان میں لاکھوں خاندان مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں ان کی مدد کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوں گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس مشکل گھڑی میں ایک قوم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی مدد آپ مستحق افراد کی معاونت کی جائے ۔