اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، مزید 250 فلسطینی شہید

غزہ، واشنگٹن،پیرس (آئی این پی)غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مزید 250 فلسطینی شہید ہوگئے ،امریکی میڈیا نے دعوی کیاہے کہ ٹرمپ انتظامیہ غزہ سے 10لاکھ فلسطینیوں کو مستقل طور پر لیبیا منتقل کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید 250 فلسطینی شہید ہوگئے۔غزہ کی محکمہ صحت کا کہنا ہے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدہ یکطرفہ توڑنے کے بعد سے حملوں میں اب تک 3 ہزار کے قریب فلسطینی شہید اور 8 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب اسرائیل نے حدیدہ میں واقع یمنی بندرگاہ صلف پر بھی بمباری کی۔امریکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا نے لیبیا کی قیادت کے ساتھ غزہ کے باشندوں کی آباد کاری کے منصوبے کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں کی آبادکاری کے بدلے ٹرمپ انتظامیہ لیبیاکے منجمد اربوں ڈالربحال کرے گی۔ دوسری جانب غیرملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق اسرائیل فلسطین تنازع کے دوریاستی حل پر کانفرنس 17 سے 20 جون تک ہوگی۔کانفرنس فرانس سعودی عرب کی حمایت سے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوگی۔کانفرنس کا انعقاد یو این جنرل اسمبلی فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں کرے گی۔ادھر فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران ناقابل قبول ہے،جلد اسرائیلی وزیراعظم اور امریکی صدر سے اس معاملے پر بات کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن