لاہور( سٹی رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے کہاہے کہ محکمہ بلدیات کے عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایاجا رہا ہے۔ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔سالانہ ترقیاتی پروگرام 22-2021 کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن پراجیکٹ کے تحت 89ارب روپے کی لاگت سے 2ہزار دیہات میں پانی کی فراہمی اور نکاسی کے لئے کام جاری ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 929اسکیمیں جبکہ ضلعی سطح پر 752 ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں۔ 119 شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی جارہی ہے۔36ارب روپے کی لاگت سے پنجاب سیٹیز پروگرام کے تحت 16تحصیلوں میں سیوریج سسٹم،پکی سڑکوں اور صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار برتھ ڈیتھ رولز پنجاب گزٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ شہروں کی صفائی سمیت دیگر عوامی مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے۔