اسلام آباد+پیرس (اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) فرانسیسی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کو واضح برتری رہی جب کہ پاک فضائیہ نے اپنی شاندار کارکردگی سے بھارتی فضائیہ کا غرورخاک میں ملا دیا۔ رپورٹ کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص میں رافیل طیاروں کی بری طرح ناکامی کے بعد پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کا فرانسیسی میڈیا بھی معترف ہوگیا۔ فرانسیسی میڈیا نے اعتراف کہا کہ"پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت سے فتح ممکن ہوئی"جدید ٹیکنالوجی کے باوجود بھارت کو شکست اس کی پیشہ ورانہ مہارت کی کمی کی واضح علامت ہے۔ دوسری طرف بین الاقوامی جریدے ’’دی ڈپلومیٹ‘‘ نے بھی پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی سفارتی کامیابی اور بھارت کی ناکامی کو تسلیم کیا۔ دی ڈپلومیٹ کے مطابق بھارت کو پاکستان کے خلاف جنگ میں نہ صرف عسکری میدان میں ناکامی ہوئی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی سخت خفت کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی نے ثابت کر دیا کہ ہر وہ سطح پر اپنی خود مختاری کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ عالمی جریدے کے مطابق پاک بھارت جنگ میں پاکستان نے سیاسی بصیرت اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو مزید مضبوط کیا۔ بین الاقوامی برادری، بالخصوص امریکہ بھی پاکستانی موقف کا معترف ہے۔ بھارت پہلگام حملے میں پاکستان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکا۔