اسحاق ڈار کی پاکستانی مشنز کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے +نمائندہ خصوصی) نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیرون ملک پاکستانی مشنز کی افادیت اور کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ نائب وزیر اعظم آفس کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیر اعظم/ وزیر خارجہ، سینیٹر نے وزیر اعظم کی جانب سے بیرون ملک پاکستانی مشنز کو مربوط بنانے کے حوالہ سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بیرون ملک پاکستانی مشنز کے ڈھانچے، فرائض کی ادائیگی  اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں اسحاق ڈار سے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی ملاقات ہوئی۔ نائب وزیراعظم کو بی آئی ایس پی کے لیے نئے بنکنگ نظام سے آگاہ کیا۔ روبینہ خالد نے بتایا کہ نئے بنکنگ نظام سے بی آئی ایس پی فنڈز کی ترسیل میں سہولت پیدا ہو گی، چاہتے ہیں مستحق طبقے کو باعزت طریقے سے رقوم کی ترسیل ہو سکے۔ ملاقات کے دوران اسحاق ڈار اور چیئر پرسن روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن