لاہور(خبرنگار)وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین اور وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز کی زیر صدارت واسا لاہور کی کارکردگی بارے اجلاس ہوا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کی لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز ون میں جاری پراجیکٹس بارے بریفنگ دی۔ فیز ون کے تحت گلبرگ، راوی زون،داتا گنج بخش ،سمن آباد، نشتر زون اور شالیمار زون میں کام مکمل کیا جائے گا۔ اسی طرح فیز ٹو کے تحت آئندہ مالی سال میں واہگہ ٹاؤن، عزیز بھٹی اور علامہ اقبال ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کے 29 انڈر پاسز اور 30 ٹیوب ویلز کو سکاڈا سسٹم کے تحت مانیٹر کیا جارہا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی سکاڈا سسٹم کے بغیر چلنے والے علاقوں کی مانیٹرنگ سخت کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے دوران عوامی مشکلات کا بروقت تدارک اولین ترجیح ہے۔ واسا تاریخ میں کم وقت اور بڑے پیمانے پر جاری پراجیکٹس کی تکمیل ہوگی۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں جاری منصوبوں کی مانیٹرنگ اور ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے گی۔