محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی توقع ہے، جبکہ گزشتہ روز آنے والی آندھی و طوفان سے مختلف اضلاع میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے. محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، چترال، سوات، دیر، شانگلہ، باجوڑ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، بٹگرام، خیبر، کرم، ڈی آئی خان، شمالی و جنوبی وزیرستان، بنوں اور کوہاٹ کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ پشاور میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ ڈی آئی خان میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری جبکہ سب سے کم درجہ حرارت کالام اور دیر میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور طوفان کے باعث درخت اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور دو مرد شامل ہیں۔ زخمیوں میں 8 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ نوشہرہ میں 6، پشاور اور مردان میں 2،2 جبکہ خیبر میں ایک شخص زخمی ہوا۔ طوفانی ہواؤں سے 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جن میں سے ایک ایک گھر پشاور، مردان اور چارسدہ میں متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کی اپیل کی ہے۔