راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویڑن انجینئر عامر خٹک نے راجہ بازار میں انڈر گراؤنڈ وائرنگ کے حوالے سے جاری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی روابط کو مزید مستحکم کریں اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کریں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ وائرنگ کو انڈر گراؤنڈ کرنے سے بہت سے حادثات سے بچت ہونے کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔کمشنر آفس راوپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایمان طاہر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عمران علی، واپڈا، سوئی گیس،واسا اور آئیسکو حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سی او میونسپل کارپوریشن راولپنڈی عمران علی نے بریفنگ دیتے ہوئے موجودہ صورتحال اور منصوبے کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فوارہ چوک سے ڈنگی کھوئی تک تمام بجلی، سوئی گیس، واپڈا اور پانی کی سپلائی لائنوں کو زیر زمین منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی اس منصوبے کے تحت ٹریفک کے لیے مخصوص راستے کو بند کیا گیا ہے تاکہ کام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ علاقے میں ماڈل بازار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا۔ سڑکوں کی بہتری کے لیے ٹف ٹائلز بھی لگائی جا رہی ہیں تاکہ پیدل چلنے والوں کے لیے آسانی پیدا کی جا سکے۔