مریدکے(نامہ نگار)وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے سلسلہ میں نہ کوئی پاکستان پر پریشر ڈال سکتا ہے نہ پاکستان کسی کے پریشر میں آسکتا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری ارشد ورک، صدر فٹبال اکیڈمی حاجی غلام محی الدین کے ہمراہ رانا تنویر حسین نے فٹ بال اکیڈمی گراونڈ میں خواتین کے فلڈ لائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ میں پاکستان واپڈا کی ونر ٹیم کو انعامات دینے کے بعد گفتگو کرتے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز دیگر شعبوں کیساتھ کھیل کے فروغ کیلئے بہت کام کر رہے ہیں۔ خاص کر خواتین کیلئے موجودہ حکومت بہت سنجیدہ ہے ہماری خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ ہر شعبہ میں اپنا لوہا منوارہی ہیں۔ خواتین آج سیاست، فوج، پولیس، ہوا بازی سمیت ہر شعبہ میں نمایاں کردار ادا کررہی ہیں۔ مریدکے میں خواتین کے پہلے فلڈ لائٹ میچ کی کامیابی پر وہ بہت خوش ہیں امریکی صدر نے جو ٹیرف لگایا ہے پاکستان اس دوڑ میں شامل نہیں۔ جلد پاکستان کا وفد اس سلسلہ میں امریکہ کا دورہ کرے گا۔انہوں نے کہا وزیر اعظم کا دورہ بیلا روس کامیاب رہا۔ ڈیڑھ لاکھ ہنر مند افراد بیلا روس جائیں گے۔