کراچی (سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بولان میں ہونے والی دہشتگردی کیخلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملک کو ایک سازش کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے ایم کیو ایم ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردی کے لئے کوئی بھی گنجائش کہیں نہیں ہونی چاہیے اور اس کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا پڑے گا ایم کیو ایم پاکستان بہت جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائے گی اور خیبر پختونخوا کی حکومت سے بھی سوالات کیے جائیں گے تاکہ اس مسئلے کو قومی سطح پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر سوموٹو نوٹس لیں اور صدر مملکت و وزیراعظم بھی اس معاملے پر قوم کو اعتماد میں لیں۔اس موقع پر سینئر رہنما انیس احمد قائم خانی، سید امین الحق سمیت دیگر مرکزی رہنما اور حق پرست اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔