محکمہ بلدیات میں ورلڈ بینک کے تحت منصوبے شفاف اور معیاری ، ناصرشاہ 


کراچی (اسٹا ف رپورٹر ) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات میں ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر سا ئوتھ ایشیا جان اے روم کی سربراہی میں آنے والے ایک اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔اس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ورلڈ بینک کے تعاون سے لوکل گورنمنٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ ،چیف آفیسر  واٹر بورڈ صلاح الدین اور سوئیپ کے پروجیکٹ ڈائریکٹرزبیر چنا نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔پروجیکٹ ڈائریکٹر کلک آصف جان صدیقی ،سی او  اوانجینئر اسد اللہ  اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے ۔کلک ،سوئیپ  اور کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اپنے اپنے شعبوں میں ورلڈ بینک کے حوالے سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔وزیر بلدیات نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو ٹارگٹ کے مطابق معیار کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ ورلڈ بینک کے تحت تمام ترقیاتی منصوبوں کو ورلڈ بینک اور حکومت سندھ کی ٹیم مشترکہ اور باہمی مشاورت مکمل کرے گی جبکہ ورلڈ بینک کو ہر لحاظ سے مطمئن رکھا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن