ننکانہ: سکھ یاتریوں کی بابا گورونانک کی جائے پیدائش گوردوارہ جنم استھان حاضری

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) امریکہ‘ آسٹریلیا اور کینیڈا سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کے 172 رکنی وفد نے اپنے روحانی پیشوا بابا گورونانک کی جائے پیدائش گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ جتھہ لیڈر ڈاکٹر سردار پربندر سنگھ کی قیادت میں خصوصی بسوں کے ذریعے گوردوارہ جنم استھان پہنچنے پر مینجر گورودوارہ جنم استھان  عمران نبی، سکھ رہنمائوں، رائے بلار فیملی کے سابق ایم پی اے رائے شاہجہان احمد خاں بھٹی اور رائے بلال اکرم بھٹی نے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا گیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ سکھ یاتریوں نے اپنے روحانی پیشوا کی جائے پیدائش پر مذہبی رسومات ادا کیں۔ انہوں نے گوردوارہ جنم استھان کے مختلف حصوں کو دیکھا، گوردوارہ انتظامیہ کی طرف سے سکھ یاتریوں کو یادگاری سروپا بھی دئیے گئے، سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب شہر میں واقع ساتوں گوردواروں کی بھی یاترا کی اور وہاں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں، سکھ یاتریوں نے شاندار استقبال اور بہترین مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، ننکانہ صاحب میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد سکھ یاتری گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد چلے گئے۔

ای پیپر دی نیشن