اسلام آباد(اے پی پی)وزیر مملکت برائے انسداد منشیات و سیفران شہریار آفریدی نے نوجوان سکالرز پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان اور دنیا کو درپیش چیلنجوں اور مسائل کے حل کیلئے بامعنی تحقیق کریں جس سے پالیسیوں کی تشکیل میں مدد مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوان سکالرز، محققین کیلئے منعقدہ پانچ روزہ ورکشاپ میری ٹائم سمر سکول 2019ء کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے قومی ترقی میں تحقیق اور علم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے معاشرہ کے مختلف شعبوں میں بہتری کیلئے حل پیش کئے جا سکتے ہیں۔