اسلام آباد(خبرنگار)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بیساکھی کے پرمسرت تہوار کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری اور خاص طور پر بیساکھی میلہ کے موقع پر پاکستان آئے ہوئے سکھ یاتریوں کو مبارکباد پیش کی ہے اپنے تہنیتی پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بیساکھی محبت، خوشی اور بہار کی علامت ہے اور یہ تہوار خوشی، شکرگزاری اور نئی امیدوں کا پیغام لے کر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیساکھی نہ صرف سکھ برادری کے لیے مذہبی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہ موسم بہار کی آمد کا ایک خوبصورت تہوار بھی ہے جو ہماری سرزمین کے تنوع اور رنگینی کو مزید نکھارتا ہے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب، قوموں اور ثقافتوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے، اور یہاں مذہبی و ثقافتی تہوار معاشرتی تنوع اور ہم آہنگی کے اظہار کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں قومی ترقی، معاشرتی ہم آہنگی اور یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اسپیکر قومی اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے اور ملک میں بسنے والی اقلیتوں کو اپنے مذہبی تہوار کو رسم و رواج کے ساتھ منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
سردار ایاز صادق