پیراگون سوسائٹی کیس خواجہ برادران کیخلاف وعدہ معاف  گواہ احتساب عدالت میں منحرف


 لاہور (خبرنگار‘ این این آئی) احتساب عدالت کے روبرو مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب کے مرکزی اہم وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ اپنے بیان سے منحرف ہوگیا۔ عدالت نے یکم نومبر کو فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔ جبکہ عدالت نے نئے شامل تفتیش دو شریک ملزمان ندیم ضیا اور فرحان کی عبوری ضمانت میں 28 اکتوبر تک توسیع کردی۔ احتساب عدالت کے جج قمرالزمان نے کیس کی سماعت کی۔ ریفرنس کے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی۔ قیصر امین بٹ نے نیب کے وعدہ معاف گواہ بن کر خواجہ برادران کے خلاف پہلے سے دیئے گئے بیان سے دستبردار ہوتے ہوئے عدالت میں نیا بیان دیا کہ سلمان رفیق کے ساتھ مل کر کام کیا‘ تاہم بعد میں خواجہ برادران نے کاروبار سے علیحدگی کر لی۔ قیصر امین بٹ نے عدالت کو بتایا کہ میں نے اور ندیم ضیا نے ایک میسرز ایئر ایونیو پرائیویٹ کمپنی بنا لی۔ ہم دونوں نے مل کر الفا جھگیاں ، ملک پور اور مختلف علاقوں میں زمینیں خریدیں۔ پھر ہم نے یہ زمینیں اربن ڈویلپرز اور ایڈن ڈویلپرز کو فروخت کر دیں۔ پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کی منظوری عزیز بھٹی ٹائون سے لی۔ ہم نے ہائوسنگ سوسائٹی میں کوئی فراڈ نہیں کیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے کہا کہ گواہ اپنے بیان سے منحرف ہو رہا ہے۔ یہ غلط کہہ رہا ہے کہ خواجہ برادران ہمارے بزنس سے الگ ہو گئے۔ عدالت نے کہا کہ ہو سکتا ہے گواہ بھول گیا ہو۔ احتساب عدالت کے روبرو پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس میں خواجہ برادران کے خلاف مجموعی طور پر 130 گواہان بیان قلمبند کروائیں گے۔ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جو عمران خان پراجیکٹ بنایا گیا تھا‘ وہ گر گیا ہے اور اب اس کے سہولت کار آخری کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان کا بس چلے تو یہ اپنے مخالفین کو کچا چبا جائے۔ عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ اس کا مقابلہ نہیں کیا جائے گا۔ اس کا بالکل مقابلہ کیا جائے گا کیونکہ یہ لوگوں کو ریاست کے خلاف گمراہ کرتا ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے کیس میں نیب کے جو سٹار گواہان تھے‘ ان کے اوپن کورٹ میں  بیانات ہوئے اور سچ سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عمران خان کی گرفتاری سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ کام تو عمران خان کے آنے سے پہلے سے شروع ہو گیا تھا‘ لیکن اس پر پورا فیول اور پورا حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کیلئے پاکستان کو تنہا کرنے کی سازش کی۔  ان کے صدر نے کہہ دیا ہے کہ یقین نہیں ہے کہ سازش ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن