اسلام آباد:چیف جسٹس کا ایک پروگرام میں سٹیج گرنے سے متعلق خبروں کا ازخود نوٹس

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران سٹیج گرنے کے واقعہ سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبروں پر از خود نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر اور آئی جی پولیس اسلام آباد سے 48گھنٹوں کے اندر اندر رپورٹ طلب کرلی ہے، سپریم کورٹ کے ترجمان شاہد کمبوئیو کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فاضل چیف جسٹس نے یہ نوٹس چند روز قبل نجی ٹی وی کے پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران اچانک سٹیج گرنے سے درجنوں افراد کے زخمی ہو نے اور ان میں سے دو افراد کے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہونے سے متعلق میڈیا رپورٹس پر لیا ہے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیاہے کہ اس موقع پر انتظامیہ کے اکثر اہلکار موقع سے ہی غائب ہوگئے جبکہ باقی نے بھی زخمیوں کی امداد کرنے کی بجائے لائٹیں آف کردیں، جس سے زخمیوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا، دوسری جانب اس سارے معاملہ میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کسی قسم کا ایکشن لینے کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن