حسن ابدال؍ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں سکھ مذہب کے مشہور مذہبی اور روایتی تہوار میلہ بیساکھی کی تقریبات جاری ہیں۔ تقریبات میں شرکت کیلئے پنجہ صاحب آنے والے 2800 سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کا پہلا گروپ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد ننکانہ صاحب چلا گیا جہاں وہ میلہ بیساکھی کی مرکزی تقریب میں شرکت کرے گا جبکہ بھارتی سکھ یاتریوں پر مشتمل دوسرا گروپ 15 اپریل کو گوردوارہ پنجاب صاحب کا دورہ کرے گا۔ گردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد میں 326 ویں ویساکھی تہوار کے موقع پر سکھ یاتریوں کا قافلہ پہنچ گیا، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، سٹی پولیس آفیسر رانا ایاز سلیم، ممبران ضلعی امن کمیٹی اور دیگر نے سکھ یاتریوں کو پھولوں کو نچھاور کرتے ہوئے خوش آمدید کہا پہلے قافلے میں 1489 سکھ یاتری 40 گاڑیوں میں فول پروف سکیورٹی میں پہنچے، گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد مجموعی طور 29 سو کے قریب سکھ یاتریوں کی آمد ہوئی، بیساکھی تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتری نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کے مشکور ہیں، پاکستان پنجاب آکر اپنے گھر سے زیادہ پیار اور محبت ملی۔ سی پی او نے کہا سکھ یاتریوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کے لیے 1700 سے زائد پولیس افسر و جوان ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، سکھ یاتریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔