لاہور(نامہ نگار)ڈولفن سکواڈ نے راولپنڈی سے لاہورمنشیات کی سپلائی ناکام بنا دی ہے۔ ساندہ ڈولفن ٹیم نے سٹاپ اینڈ سرچ کے دوران مشکوک شخص کو رکنے کا اشارہ کیاجس نے فرار کی کوشش کی۔ ڈولفن ٹیم نے تعاقب کے بعد بند روڈ سے ملزم عثمان کو گرفتار کرلیا اور قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی اڑھائی کلو چرس کے 3 پیکٹ برآمد کر لئے ہیں۔ملزم عثمان کو کے ساندہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راولپنڈی سے منشیات لایا تھا اور اس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ منشیات لاہور کے مختلف علاقوں و تعلیمی اداروں میں سپلائی کرتاہے۔ اکبری گیٹ پولیس نے دوران پیٹرولنگ دو ملزمان اختر اور تنویر کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں مالیت کے شیشہ فلیور کے 25 کاٹن برآمد کر لئے ہیں۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔