اسلام آباد(خبرنگار) وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ انٹر بورڈ کوآرڈنینش کمیشن (آئی بی سی سی )میںریگولیٹری فریم ورک پورٹل کا آغاز تکنیکی اپ گریڈ نہیں بلکہ یہ ایک سوچا سمجھا قدم ہے جو عالمی اور مقامی تعلیمی نظام کو ہم آہنگ کرنے کی سمت میں بڑھا گیا ہے آئی بی سی سی، جدت اور دیانتداری کو اپنا شعار بناتے ہوئے تعلیمی نگرانی کے نظام کو ازسرِنو ترتیب دینے میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی )نے اپنے جدید ریگولیٹری فریم ورک پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا نیا پورٹل بین الاقوامی امتحانی بورڈز کو پاکستان میں شفاف اور مؤثر طریقے سے کام کرنے کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے یہ نظام ایک مرکزی ڈیجیٹل انٹرفیس فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے غیر ملکی بورڈز آسانی سے اندراج کر سکتے ہیں اور آئی بی سی سی کے ریگولیٹری دائرہ کار کے تحت اپنے تعلیمی پروگرامز کی اجازت حاصل کر سکتے ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ یہ پورٹل تعلیمی نظم و نسق میں جدیدیت اور شفافیت کی جانب ایک قدم ہے، منظوری کے عمل کو ڈیجیٹل بنا کر آئی بی سی سی نہ صرف عملدرآمد کو تیز کر رہا ہے بلکہ تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کے طریقہ کار کو بھی مضبوط کر رہا ہے وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے اس اقدام کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورٹل پاکستان کو تعلیمی نظم و نسق میں بین الاقوامی بہترین طریقوں کے قریب لے جا رہا ہے، آئی بی سی سی ایک شفاف اور صارف دوست فریم ورک فراہم کر کے عالمی تعلیمی تعاون کو فروغ دے رہا ہے، ساتھ ہی قومی تعلیمی معیار کا تحفظ بھی یقینی بنا رہا ہے