اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ خزانہ نے ٹیکس قوانین میں ترمیم کے آرڈیننس کے اجرا کے حوالے سے اپنے تحفظات ظاہر کیے ہیں اور اس آرڈیننس کے مختلف سیکٹرز پر اثرات پر سوالات اٹھائے ،مجلس قائمہ کا اجلاس چیئرمین نوید قمر کی صدارت میں منعقد ہوا،اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس قوانین میں ترمیم کے آرڈیننس کے حوالے سے بریفنگ دی ،کمیٹی نے آرڈیننس کے اجرا کے جواز اور عجلت کے حوالے سے غور و فکر کیا ،ممبرز نے زور دیا قوانین میں ترامیم بڑے ہی محتاط انداز میں ہونی چاہیے اور ان کے ٹیکس گزاروں کی دیگر کیٹگریز پر اثرات نہیں ہونے چاہیے،کمیٹی کے چیئرمین نے کہا قوانین میں ترمیم کے حوالے سے وزارت قانون و انصاف کے ماہر کی رائے کو بھی شامل ہونا چاہیے تاکہ اس کے زیادہ ثمرات ہوں کمیٹی کے ممبران نے آرڈینس کے حوالے سے مزید وضاحت طلب کی اور کہا یہ بتایا جائے سیکشن 175 سی کی جو نئی شق قانون میں ڈالی گئی ہے جس کے تحت افسروں کو تعینات کیا جا سکے گا اس بارے میں پوری وضاحت دی جائے۔