انسداد دہشتگردی کیلئے صوفیاء کرام کی تعلیمات کا فروغ وقت کی ضرورت: چودھری شافع

گجرات، لاہور( نامہ نگار+خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چودھری شافع حسین نے فیضان مدینہ گجرات کا دورہ کیا۔ مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور تدریسی عمل کاجائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ادارے کے منتظمین اور علماء کرام سے ملاقاتیں کیں۔ علماء کرام نے چودھری شافع حسین کو اوقاف کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت علماء کرام کی تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ علماء کرام کی تجاویز کی روشنی میں محکمہ اوقاف کے امور میں بہتری لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام امن، رواداری، محبت اور انسان دوستی کا مذہب ہے۔ ملک کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے صوفیاء کرام کی تعلیمات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ ملک کوامن کا گہوارہ بنانے کیلئے دینی طبقات کو موثر کردار ادا کرنا ہے۔ محراب و منبر استحکام پاکستان کا ضامن ہے علماء کرام اور دینی قوتوں کو قومی یکجہتی اور اتحاد کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ فیضان مدینہ کے منتظمین نے صوبائی وزیر کو ادارے میں جاری دینی تعلیمات کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ دریں اثناء چودھری شافع حسین نے صوبائی حلقہ 31 گجرات کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت بارے بریفننگ دی۔ صوبائی وزیر نے جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جنگل کا منظر پیش کرنے والے گجرات شہر کے پارکس کو بہتر کیا گیا ہے اور روڈ انفراسٹرکچر کی سکیمیں تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں۔ سروس موڑ فلائی اوور منصوبے میں توسیع کی جا رہی ہے۔ شہر میں عالمی معیار کا سیوریج سسٹم 2 سال میں مکمل ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن