کراچی، ٹریلر نے ایک اور نوجوان کچل ڈالا، تعداد 78 ہو گئی، ڈمپر، گاڑیاں ضبط

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ٹریلر کی ٹکر سے ایک اور موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔ حادثہ کورنگی میں ویٹا چورنگی پر پیش آیا۔ لاش جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جب کہ ٹریلر ڈرائیور فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی میں 99 روز میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق افراد کی تعداد 78 ہوگئی ہے۔ رواں سال اب تک ٹریفک حادثات میں جاں بحق افرادکی تعداد 256 ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں سندھ حکومت کے احکامات پر ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے خستہ و بوسیدہ حال اور ہیوی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا، پہلے روز 40 سے زائد خستہ و بوسیدہ حال گاڑیوں کو ضبط کر کے امپاؤنڈ یارڈ بھیج دیا گیا۔ گاڑیوں میں ٹینکرز، ٹرالرز، بسیں اور ڈمپرز شامل ہیں۔ ان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ وہ گاڑیاں جن کی مدت پوری ہو چکی ہے یا مکینکل فٹ نہیں ہیں انہیں کسی صورت شہرکی سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن