نان کسٹم پیڈ ،غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز  

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ میں نان کسٹم پیڈ اورغیر رجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے گزشتہ روز نان کسٹم پیڈ اورغیر رجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری داخلہ،کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایکسائز اور کلکٹر کسٹمز لاہور نے شرکت کی۔ اجلاس میں نان کسٹم پیڈ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی نشاندہی کیلئے سیف سیٹیز اتھارٹی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ آپریشن کیلئے پولیس، ایکسائز اور کسٹمزکی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور سڑکوں پر چیکنگ کیساتھ ساتھ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بھی کی جائیں۔ نان کسٹم پیڈ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیاں تحویل میں لے لی جائیں گی۔چیف سیکرٹری نے کہا سنگین جرائم میں اکثر نان کسٹم پیڈ یا غیر رجسٹرڈ گاڑیاں استعمال کی جاتی ہیں۔ عوامی تحفظ اور جرائم کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن