بندرگاہوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ، بوٹس کے سمندر میں جانے پر پابندی 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ، سٹاف رپورٹر) پاکستانی بندرگاہوں پرمیری ٹائم سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ پورٹ ذرائع کے مطابق چھوٹی بڑی بوٹس کے سمندر میں جانے پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اجازت نامے منسوخ کر دئیے گئے۔ فشنگ کی سیکڑوں بوٹس سمیت چھوٹی بڑی کشتیوں کے سمندر میں جانے پر پابندی ہو گی تاہم تجارتی جہازوں کی آمد ورفت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ فیصلہ سکیورٹی  بہتر کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔ پاک بھارت حالیہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر میں فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ، جس کے نتیجے میں کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹ سے اندرون و بیرون ملک جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔سول ایوی ایشن حکام کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن جمعرات کی صبح منسوخ کیا گیا ۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق موجودہ ملکی حالات اور سکیورٹی خدشات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ۔ دبئی سے لاہور آنے والی پرواز کو کراچی کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ مدینہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز بھی کراچی ڈائیورٹ کر دی گئی ۔ذرائع کے مطابق، ملتان سے کراچی جانے والی ایک اور پی آئی اے پرواز کو بھی تاخیر کے باعث متبادل روٹ اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ متاثرہ پرواز کو 4بج کر 15منٹ پر لاہور میں لینڈ کرنا تھا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی راستے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیئے گئے ۔ فلائٹ آپریشن کی بحالی کا حتمی فیصلہ حکومتی منظوری سے مشروط ہے۔حکام کے مطابق فلائٹ آپریشن کی معطلی سے اب تک 62سے زائد پروازیں متاثر ہو چکی ہیں۔ایئرپورٹ اتھارٹی نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ تازہ ترین صورتِ حال کے لئے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔دوسری جانب ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن