بہائوالدین زکریا ایکسپریس سیہون کے قریب پٹڑی سے اتر گئی‘ ٹریک بند

ملتان‘ کراچی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی سے ملتان جانے والی بہائوالدین زکریا ایکسپریس اوڈیر و لعل سٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی، جس کے بعد ریل گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ ریلوے ذرائع نے میڈیا کو بتایا اپ اور ڈائون مین لائن بلاک ہو گئی۔ دھند اور زکریا ایکسپریس کے ڈی ریل منٹ کے بعد کراچی سے اندرون ملک متعدد ٹرینوں کی آمد و رفت تاخیر کا شکار رہی۔ پشاور سے رحمان بابا ایکسپریس شام 5 بجے کے بجائے، 7 بج کر 30 منٹ پر ڈھائی گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچیں، کراچی سے پشاور رحمان بابا ایکسپریس ساڑھے 6 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ اسی طرح راولپنڈی سے آنے والی پاکستان ایکسپریس 7 گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچی، کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس 5  گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ لاہور سے کراچی آنے والی قراقرم ایکسپریس 8 گھنٹے تاخیر سے پہنچی، کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس 4 گھنٹے 15 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی، سیالکوٹ سے کراچی آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس تقریباً 7 گھنٹوں کی تاخیر سے پہنچی جبکہ  کراچی سے سیالکوٹ کیلئے علامہ اقبال ایکسپریس تقریباً ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ لاہور سے کراچی آنے والی پاک بزنس ایکسپریس ساڑھے 6 گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔ کراچی سے لاہور کیلئے پاک بزنس ایکسپریس ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ لالہ موسٰی سے کراچی آنے والی ملت ایکسپریس 5 گھنٹے تاخیر سے پہنچے گی، کراچی سے لالہ موسیٰ جانے والی ملت ایکسپریس سوا 4 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی، راولپنڈی سے تیز گام ایکسپریس ساڑھے 6 گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچی جبکہ کراچی سے راولپنڈی کیلئے تیز گام ایکسپریس 4 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ لاہور سے آنے والی کراچی ایکسپریس تقریباً 5 گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچی۔ کراچی سے لاہور کیلئے کراچی ایکسپریس ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی، ملتان سے کراچی زکریا ایکسپریس 8 گھنٹے تاخیر سے پہنچی، کراچی سے ملتان کیلئے زکریا ایکسپریس 1 گھنٹے 45 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن