تل ابیب+ واشنگٹن (این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں قید مزید تین قیدی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 21 دیگر اب بھی زندہ ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق وائٹ ہائوس میں ایک تقریب کے دوران بات کرتے ہوئے ریپبلکن رہنما نے کہا کہ ان 59 افراد میں سے جنہیں قیدی بنایا گیا تھا 21 اب بھی زندہ ہیں جبکہ تین کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ہم زیادہ سے زیادہ قیدیوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ ایک ہولناک صورت حال ہے۔دوسری جانب اسرائیلی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ موراگ اور فلاڈیلفی کے محوروں کے درمیان رفح میں امداد تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسرائیلی ریڈیو نے کہا کہ رفح میں امداد کی تقسیم کے تین مراکز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رفح میں امداد کی تقسیم کا انتظام نجی امریکی کمپنیاں کریں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ کے رہائشیوں کو معائنے کے بعد تک رفح میں امدادی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں پریس بیانات میں کہا کہ وہ غزہ کی پٹی کے مکینوں کو خوراک کے حصول میں مدد کریں گے۔ انہوں نے حماس پر الزام لگایا کہ اس نے صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔