تل ابیب+ صنعاء (نوائے وقت رپورٹ) یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل اسرائیل کے مرکزی بنگوریان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے احاطے میں آ گرا۔ 8 افراد زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق میزائل گرنے کے نتیجے میں ائیر پورٹ کی ایک سڑک اور گاڑی کو نقصان پہنچا اور فضائی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔ ہنگامی سائرن بج گئے۔ حملے کے مقام کی طرف ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی۔ ایئرپورٹ بند کر دیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کی صبح داغے گئے میزائل کو روکنے کی متعدد کوششوں کے باوجود اسرائیلی دفاعی نظام اسے تباہ کرنے میں ناکام رہا۔ حوثیوں کے عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے اس حملے کے بعد ائیرلائنز کو خبردار کیا ہے کہ بن گوریان ائیرپورٹ اب فضائی سفر کے لیے محفوظ نہیں رہا۔ بیلسٹک میزائل نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور امریکی اور اسرائیلی فضائی دفاعی نظام اسے گرانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میزائل حملے کے نتیجے میں 30 لاکھ سے زائد اسرائیلی میزائل حملوں سے بچاؤ کے لیے بنائے گئے شیلٹرز میں پناہ لینے میں مجبور ہوئے جبکہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک بن گوریان ائیرپورٹ بھی بند رہا۔ برطانوی ایئرلائن (برٹش ایئرویز) نے 7 مئی تک پروازیں معطل کر دیں۔ جرمن اور امریکی ایئرلائنز نے بھی فلائٹس کی آمد و رفت روک دی۔ جرمن ایئرلائنز 6 مئی سے دوبارہ سروس شروع کرے گی۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حوثیوں کیخلاف بڑے حملے کا اعلان کیا ہے۔