پشاور (این این آئی) پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، دو طرفہ فائرنگ میں ایک دوسرے کے خلاف چھوٹے بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان طور خم بارڈر پر کشیدگی برقرار ہے۔ پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان گزشتہ روز بھی 5 گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، گزشتہ روز ہونے والی فائرنگ میں 3 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں افغان فورسز کے 3 اہلکار مارے گئے۔پاکستان اور افغانستان کی طورخم تجارتی گزرگاہ آج 11 روز بھی بند ہے۔ کسٹم حکام کے مطابق پاک افغان طورخم تجارتی گزرگاہ بند ہونے سے یومیہ 30 لاکھ ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ طورخم ٹرانزٹ ٹرمینل کو کارگو گاڑیوں سے خالی کر دیا گیا اور افغانستان جانے والے مسافروں کو بھی طورخم بازار سے واپس کر دیا گیا۔