لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی صدارت میں سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز کیخلاف جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا کہ مربوط پلاننگ، حکمت عملی اور تیاری کے بعد کچہ کریمنلز کیخلاف فیصلہ کن ایکشن لیں۔درست اہداف کی نشاندہی، وسائل اور ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کچہ کریمنلز کیخلاف کامیابی کی ضمانت ہے۔کچہ کریمنلز کیخلاف ڈرونز ٹیکنالوجی، بکتر بند گاڑیوں اور جدید اسلحہ و آلات کے استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ کریمنلز کے خاتمے کیلئے پنجاب پولیس کو بھرپور وسائل فراہم کئے ہیں۔رحیم یار خان اور راجن پور میں پولیس وہیکلز کی بلٹ پروفنگ، تھرمل کیمرے، کواڈ کاپٹرز اور اسلحہ سمیت جدید ٹیکنالوجی فراہم کی گئی ہے۔ ہیڈ منی والے کچہ کریمنلز کیخلاف بھی موثر اور نتیجہ خیز ایکشن لیں۔ سندھ پولیس کیساتھ ضروری کوارڈینیشن، لائحہ عمل اور تیاری کیساتھ کارروائی عمل میں لائیں۔کچہ کے کریمنلز، خوارجی دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں کیلئے پنجاب پولیس کی گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ کا عمل جاری ہے۔ سنگل و ڈبل کیبن بلٹ پروف گاڑیاں کچہ کریمنلز کے لاف سپیشل آپریشنز کے دوران استعمال کی جائیں گی۔ سی ٹی ڈی کو دہشتگردوں اور شرپسند عناصر کیخلاف ریڈز کیلئے بھی بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاری مجرمان اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایکشن کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ سپیشل برانچ کے ملازمین کو رپورٹنگ و دیگر حساس امور کی انجام دہی کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں دی جا رہی ہیں۔ پولیس وہیکلز کی بلٹ پروفنگ سے دہشت گردوں، شر پسنداور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی آئیگی۔