لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل 2021 کی چیمپئن ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ10 کی تیاری سے شروع کردی ہے۔ملتان سلطانز کا پی ایس ایل10 کی تیاری کیلئے کیمپ جمعہ کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں فلڈ لائٹ میں شروع ہوا جو 7 اپریل تک جاری رہے گا۔ہیڈ کوچ عبد الرحمٰن نے کہا کہ یہ کیمپ اہمیت کاحامل ہے اس سے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اور وہ ہوم گراؤنڈ پر بہترین سہولتوں کیساتھ پریکٹس کا فائدہ اٹھائیں گے۔ ملتان سلطانز اپنا پہلا میچ 12اپریل کو کراچی کنگز کے خلاف نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گی۔ملتان سلطانز کے چار روزہ کیمپ میں 9 کھلاڑی شریک ہونگے جن میں عامر عظمت برکی‘فیصل اکرم‘ افتخار احمد‘ کامران غلام‘محمد حسنین‘شاہد عزیز‘اسامہ میر‘ یاسرخان اور عبید شاہ شامل ہیں۔کپتان محمد رضوان سمیت دیگر11 کھلاڑی 8 اپریل کو سکواڈ کو جوائن کریں گے۔ملتان سلطانز کے سات غیرملکی کھلاڑیوں میں کرس جارڈن‘ڈیوڈ ولی ( انگلینڈ )‘گوڈاکیش موٹی‘ جانسن چارلس‘ شائی ہوپ ( ویسٹ انڈیز)‘ جوش لٹل( آئرلینڈ) اور مائیکل بریسویل ( نیوزی لینڈ ) شامل ہیں۔