انٹر نیشنل فائر فائٹرز ڈے آج منایا جائیگا‘قربانیوں کو خراج تحسین 

لاہور(نامہ نگار)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 4 مئی بروز اتوار انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے منایا جا رہا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد فائر فائٹرز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔اس دن کی مناسبت سے پنجاب ایمرجنسی سروس کے زیر اہتمام گزشتہ روز ریسکیو ہیڈ کوارٹر ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق  تھے۔انہوںنے کہا کہ شہریوں کی قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے خدمات سرانجام دیتے اور فرائض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فائر فائٹرز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فائر ریسکیو سروس کی جدید خطوط پر پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کے ذریعے 2 لاکھ 60 ہزار 830 آتشزدگی کے واقعات میں 716 ارب روپے کے نقصانات سے بچاؤ کیا۔ریسکیو 1122 کے 24 شہداء  قوم کے عظیم ہیرو ہیں۔جنہوں نے کمیونٹی کو تحفظ کا احساس دینے کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ان شہداء کی مثالی کارکردگی اور قربانیاں اس سروس کا فخر اور ورثہ ہیں۔ تمام فائرفائٹرز کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ریسکیو 1122 کے شہید فائرفائٹرز کے لئے جنت میں بلند مقام کی خصوصی دعاء کی گئی۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر ن کہا کہ ریسکیورز ہمارے اصل ہیرو ہیں، جو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانیں اور املاک محفوظ بناتے ہیں۔ تمام ریسکیورز کو ہدایت کی کہ وہ انسانیت کی خدمت کا یہ مشن بغیر کسی امتیاز کے اسی جذبے اور عزم سے جاری رکھیں۔

ای پیپر دی نیشن