راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ایک نجی سکول کے رینج روڈ کیمپس راولپنڈی میںحفاظ کی دستاربندی کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔سکول کی پرنسپل نے اپنے سٹاف کے ہمراہ مہمان خصوصی استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔پرنسپل نوشابہ فراز، شعبہ حفظ ہیڈ قاری محمد عثمان، قاری محمدراشد، قاری عبد المتین، قاری مقبول احمداس موقع پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ رضوان نے کہا کہ بچے اورقرآن، ان دونوں کا آپس میں بہت گہرا تعلق ہے، یہ بات بہت اہمیت کی حامل ہے کہ دنیا میں قرآن کے ماہرین بچپن ہی سے قرآن سے جڑے ہوئے تھے۔ جن بچوں کو ان کے والدین نے قرآن سے جوڑا، ان بچوں کا قرآن سے تعلق ساری زندگی مضبوط رہا اور یہ بات بھی ہمارے مشاہدے میں آئی ہے کہ جو بچے حفظ کرلیتے ہیں، ان کا حافظہ دوسرے بچوں سے زیادہ تیز ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام بچوں کو دینی تعلیم دے کر اپنی آخرت سنوار رہے ہیں۔آخر میں مہمان خصوصی نے خوش نصیب حافظ آذان ساجد، حافظ شامیر رضوان، حافظ طلحہ نسیم، حافظ ادیب احمد، حافظ ذوہیب احمد میں انعامات تقسیم کئے۔