یوریا بنانے والی 6 کمپنیاں پرائس فکسنگ میں ملوث، مینو فیکچررز کونسل کو شوکاز جاری 

کراچی (کامرس رپورٹر) مسابقتی کمشن آف پاکستان نے ملک کی 6بڑی یوریا تیار کرنے والی کمپنیوں کو کھاد کی پرائس فکسنگ میں ملوث ہونے پر فرٹیلائزر مینوفیکچررز آف پاکستان ایڈوائزری کونسل (FMPAC)کوشوکاز نوٹس جاری کردیا۔ ترجمان سی سی پی کے مطابق FMPACکی ممبر 6 بڑی کمپنیوں جن میں اینگرو فرٹیلائزر لمیٹڈ، فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ، ایگری ٹیک لمیٹڈ اور فاطمہ فرٹ لمیٹڈ کی جانب سے مسابقتی ایکٹ 2010ء کے سیکشن 4کی خلاف وزری کرنے، کھاد کی پرائس فکس کرنے پر شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔ مسابقتی کمیشن کی انکوائری کے مطابق 6 کمپنیوں نے نومبر 2021 میں اشتہار کے ذریعے 50 کلو یوریا بیگ کی قیمت 1768 روپے مقرر کرنے کی تشہیر کی اور قیمتوں میں اضافہ کے باعث کھاد کی قلت رپورٹ کی۔ ترجمان کے مطابق انکوائری کی کارروائی سے یہ بات سامنے آئی کہ 2001 کی فرٹیلائزر پالیسی کے تحت یوریا کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کیا گیا تھا۔ اشتہار کے مشمولات کو یوریا کی فروخت کی شرح پر ایک ایسوسی ایشن کے فیصلے کے طور پر دیکھا گیا، جو کہ ایکٹ کے سیکشن 4شق نمبر 2اے کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان سی سی پی نے مزید کہا کہ انکوائری میں یوریا کمپنیوں کے درمیان یکساں قیمتوں اور قیمتوں میں ہم آہنگی کا ایک نمونہ بھی نوٹ کیا گیا، جو ممکنہ ملاپ کی سرگرمی کا مشورہ دیتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن