مختلف واقعات میں 3افراد ہلاک ‘نہروں سے 2 نعشیں برآمد 

لاہور(نامہ نگار)شمالی چھاؤنی کے علاقے میں سے اغوا ہونے والے نوجوان فیصل خان کی نہر سے نعش مل گئی ہے۔ چوہنگ کے علاقے ٹھوکر بیاز بیگ میں نہر میں ایک نوجوان کی تیرتی نعش دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع کی۔ پولیس نے ایدھی رضاکاروں کی مدد سے نعش نہر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت فیصل خان کے نام سے ہوئی جس کے اغوا کا مقدمہ تھانہ شمالی چھاؤنی میں درج ہے۔ لٹن روڈ کے علاقے میں میانی صاحب قبرستان سے 32 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ نعش ملی ہے۔تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔داتا دربار کے علاقے سے بے ہوشی حالت میں ملنے والا 50 سالہ شخص دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔متوفی کی شناخت 50 سالہ عبدالغفور کے نام سے ہوئی جو گوجرانوالہ کا رہائشی تھا۔کاہنہ کے علاقے میں گجومتہ چوک سے 35 سالہ شخص کی نعش ملی جو بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔ تاحال متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔متعلقہ تھانوں کی پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیاہے۔ باٹا پور کے علاقے سوزو واٹرکے قریب نہر میں تیرتی نعش دیکھ کر شہریوں نے پولیس کو اطلاع کی۔ پولیس نے ریسکیو 1122کے غوطہ خوروں کی مدد سے نعش نہر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ متوفی کی شناخت 57سالہ محسن ولد خلیل عمر کے نام سے ہوئی ہے۔ اسے قتل کیا گیا ہے یا اس کی موت نہاتے ہوئے ڈوبنے سے ہوئی تفتیش کی جا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن