خیبر پی کے میں 36 ارب کی کرپشن‘ ذمہ داروں کو نہیں چھوڑوں گا: سپیکر اسمبلی

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے کے ضلع اپر کوہستان کے سرکاری بینک اکاؤنٹس سے 36 ارب روپے سے زائد کی مبینہ خوردبرد کے انکشاف کے بعد خیبر پی کے اسمبلی میں ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس سپیکر اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ان میڈیا رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جن کے مطابق ضلع اپر کوہستان میں ضلعی اکاؤنٹس آفیسر، محکمہ مواصلات و تعمیرات، نیشنل بینک کے اہلکاروں اور دیگر کی مبینہ ملی بھگت سے جعلی تعمیراتی کمپنی کے ذریعے 36 ارب روپے سے زائد کی مشکوک مالی لین دین، سرکاری اکاؤنٹس سے ہزاروں جعلی چیکس کے اجرا کا انکشاف ہوا ہے۔ سپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا خصوصی اجلاس  5 مئی صبح 11 بجے طلب کر لیا ہے۔  سپیکر نے ہدایت کی کہ تحقیقات کے تمام پہلوؤں پر روشنی ڈالی جا ئے، متعلقہ محکموں کو مراسلے جاری کر دیے گئے ہیں۔ سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا خیبر پی کے اسمبلی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "محکمہ خزانہ کے اہل افسران کے سامنے اس دھوکا دہی کو روکنے میں ناکامی کی پوری تحقیقات کی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن