لاہور (خصوصی نامہ نگار) پارلیمانی سیکرٹری اوقاف ملک وحیدنے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے ہیڈ آفس، ایوان ِ اوقاف کادورہ کیا اور محکمانہ اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری، چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے سبب وقف محصولات ِ زر میں تاریخی اضافے، ادارے کے تنظیمی ڈھانچے، ورکنگ اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری نے کہا اوقاف کی تعمیر و ترقی ریکارڈ ساز ہے اور بجٹ اہداف کا حصول لائق تحسین ہے۔ اوقاف کی آمدن کو ’’سرپلس‘‘ میں دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے محکمانہ آمدن اور محصولاتِ زَر میں 25 فیصد اضافہ پر سیکرٹری، چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف کو مبارکباد دی۔تاریخی مزارات کی ان کے اصل طرزِ تعمیر اور خدوخال کے مطابق بحالی کو یقینی بنایاگیا۔ خانقاہیں اور مزارات انسانی ویلفیئر کے سب سے بڑے مراکز ہیں۔ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے کہا گڈ گورننس کے بغیر ترقی ممکن نہیں، سروس ڈلیوری بنیادی ذمہ داری ہے۔ مزارات و مساجد کے انفراسٹرکچر کی اَپ گریڈیشن موجودہ حکومت کا عظیم کارنامہ ہے۔ زائرین کی گنجائش کو پیش ِ نظر رکھتے ہوئے، مزارات و مساجد کی تجدیدِ نوپر خصوصی توجہ دی جاری ہے۔ میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے ذریعے محکمہ کے مالی حالات مستحکم کردئیے۔