ملک بھر میں ود ہولڈنگ ٹیکسز کیخلاف تاجروں کی ہڑتال، غلہ منڈیاں بند

لاہور+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ کامرس رپورٹر) بجٹ میں عائد کردہ ودہولڈنگ ٹیکسز کے خلاف ہول سیل گروسرز نے ہڑتال کرتے ہوئے جوڑیا بازار بطور احتجاج تین روز کے لئے بند کر دیا ہے۔ چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن رؤف ابراہیم کے مطابق پنجاب کے 17 شہروں بالخصوص فیصل آباد میں بھی مارکیٹس بند ہیں جبکہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر کی اجناس منڈیوں میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ رؤف ابراہیم نے کہا کہ خیبر پی کے میں پشاور، مردان اور کوہاٹ کے گروسرز بازاروں کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ ہڑتال کے باعث لاہور کی اجناس کی سب سے بڑی تھوک مارکیٹ اکبری منڈی مکمل طور پر بند رہی۔ غلہ منڈیوں کے تاجروں نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تین دن کی مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق 31جولائی سے  2 اگست تک ملک بھر کی تمام غلہ منڈیاں مکمل بند رہیں گی۔ ہڑتال طویل ہونے پر پرچون مارکیٹ میں دالوں، گھی، چاول اور مصالحہ جات سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن