ایف بی آر ایڈوانس ٹیکس کے ظلم پر مبنی نوٹسز بند کرے‘ لاہور ٹیکس بار

لاہور(کامرس ڈیسک)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر شہباز صدیق،نائب صدر انیب اختر انصاری ،جنرل سیکرٹری میاں محمد زاہد،فنانس سیکرٹری محمد حسن یوسف اورجوائنٹ سیکرٹری احمد رضا نے کہا ہے کہ ایف بی آر ایڈوانس ٹیکس کے ظلم پر مبنی نوٹسز بند کرے،افسران سیکشن 147ایڈوانس ٹیکس کی غلط کیلکولیشن کرکے لاکھوں کی تعداد میں نوٹسز کر کے موجودہ ٹیکس دہندگان کو ہراساں کر رہے ہیں ،ا س طرح کے اقدامات سے ٹیکس اہداف پورے نہیں ہونگے بلکہ عدالتی معاملات پہلے سے زیادہ برھیں گے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ ٹیکس محصولات کے اہداف ہیرپھیر یا غیر قانونی حربے آزمانے سے پورے نہیں ہوں گے بلکہ اس سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ سکڑ جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایف بی آر کے افسران کو بے جا اختیارات دینا مسائل کا باعث بن رہا ہے ۔کچھ افسران اور عملہ ان اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھا کر ٹیکس پیئر زکوہراساں کر کے کرپشن کا بازار گرم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس بارز نے ہمیشہ ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے ایف بی آر کا ساتھ دیا ہے لیکن ا س کے غیر قانونی اقدامات پر سمجھوتہ نہیں ہوگا ،ٹیکس پیئر زملک وقوم کے لیے ٹیکس ادا کرتے ہیں انہیںعزت سے نوازنے کی بجائے ہراساں اور بلیک میل کیا جائے یہ ظلم وزیادتی کے مترادف ہے ۔

ای پیپر دی نیشن