میانمار ‘بنکاک‘اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے ‘ نیٹ نیوز+نمائندہ خصوصی)میانمار کی فوجی حکومت کا کہنا ہے کہ مْلک میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 1644 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 3408 ہوگئی ہے جبکہ 139 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔میانمار میں زلزلے کے مرکز کے قریب واقع شہر منڈلے میں 90 افراد ایک کثیر منزلہ عمارت تلے دبے ہوئے ہیں۔ تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس شہر میں مجموعی طور پر 1500 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے بین الاقوامی برادری میانمار اور تھائی لینڈ دونوں کو انسانی امداد اور مدد کی پیش کش کر رہی ہے‘ امریکی ایجنسی نے میانمار میں 10ہزار ہلاکتوں کاخدشہ ظاہر کیا ہے۔ جیسا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) کا کہنا ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں کو آسان بنانے کے لئے کام کریں گے۔تاہم بینکاک میونسپل اتھارٹی نے بھی تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔میونسپل ایتھارٹی کے مطابق بینکاک میں زیرِ تعمیر عمارت کے منہدم ہو جانے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 10 تک جا پہنچی ہے جبکہ 42 کے زخمی ہوئے ہیں اور 78 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری جانب میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلے کے بعد پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے سفارتخانے الرٹ ہوگئے۔پاکستانی سفارتخانے یانگون اور بینکاک میں ہنگامی صورتحال میں معاونت فراہم کریں گے جبکہ وزارت خارجہ میں یونٹ فعال کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستانی شہریوں کی ہنگامی مدد کے لیے وزارت خارجہ نے نمبرز بھی جاری کردئیے ہیں۔ صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے میانمر، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش میں خوفناک زلزلے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔دکھ کی اِس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے غم میں شریک ہیں۔پاکستان تھائی لینڈ اور میانمر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔دونوں ممالک کے عوام مشکل وقت سے گزر رہے ہیں ۔