لاہور؍ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) المسجد الحرام و مسجد نبویؐ، مسجد اقصیٰ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ الوداع انتہائی عقیدت و احترام، مذہبی جوش و خروش اور خشوع خضوع سے ادا کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کی بڑی مساجد بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، مسجد وزیر خان، منصورہ، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ و جامع ابی ہریرہؓ ودیگر میں بھی جمعۃ الوداع کے موقع پر غیر معمولی رش رہا۔ فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ جبکہ یوم القدس پر ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکال کر مظلوم فلسطینیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ، لاہور میں جمعۃ الوداع کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ مساجد میں ملکی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اسلام آباد کے مساجد میں جمعۃ الوداع کی نماز کا اہتمام کیا گیا۔ سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی یوم القدس کے موقع پر بیت المقدس کی آزادی، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف مظاہرے کئے گئے جبکہ سنہری مسجد پشاور صدر کے باہر متحدہ علماء ومشائخ کونسل کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ یوسف رضاگیلانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے،پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا ہے کہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کا دن ہے، غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور دہشتگردی انتہائی قابل مذمت ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لئے فوری اور موثر اقدامات کرے۔ مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام قصور، سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین، نارووال میں مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، سکھر، لاڑکانہ سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ خطبات جمعہ میں علماء کرام نے اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں پیش کیں۔ چوبرجی چوک لاہور میں ہونے والے مظاہرے میں اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ احتجاجی مظاہرے سے مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ عبدالرؤف، سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ لاہور مزمل اقبال ہاشمی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں محصور مسلمانوں پر اسرائیلی حملوں کی محض مذمت سے کچھ نہیں ملے گا۔ مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری نے گوجرانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی دہشت گردی ناقابل برداشت ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے جوہر ٹاؤن میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم، دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے مسلمان متحدوبیدار ہو جائیں۔ کئی مقامات پر فلسطینی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے زیراہتمام لاہور اخبار مارکیٹ کے باہر یوم القدس مظاہرہ کیا گیا۔ مولانا محمد حنیف حقانی، دیگر رہنماؤں حافظ افتخار احمد فخر، مفتی عاشق حسین، محمد ریاض چوہدری، محمد شکیل بھٹی، حافظ محمد یعقوب شاہ، قاری رحمت اللہ لاشاری، سید وقارالحسنین نقوی، پیر عامر شاہ زنجانی، چوہدری محمد ثقلین، پیر سلیم عباس جعفری، سید انشاء اللہ بخاری اور صاحبزادہ محمد اویس نورانی نے شرکت کی۔ جمعیت علماء پاکستان کی سپریم کونسل کے چیئرمین علامہ قاری محمد زوار بہادر نے جامعہ محمدیہ رضویہ گلبرگ میں‘ حافظ نصیراحمد نورانی نے جامع المرکز اسلامی والٹن روڈ پر‘ مفتی تصدق حسین، رشید احمد رضوی نے جامعہ محمدیہ رضویہ گلبرگ میں، قاری خلیل مہروی، مفتی جمیل رضوی، مولانا محمدسلیم اعوان، مولانا حاجی شوکت علی نقشبندی، حافظ لیاقت علی رضوی اور مولانا شبیر حسین فریدی نے مختلف مساجد میں ’’یوم پاکستان‘‘ کے موقع پر خطبات جمعۃ المبارک میں تحریک پاکستان کے رہنمائوں، شہداء اور قائدین پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جمعیت اہلحدیث کے مرکزی صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا کہ غزہ میں مسلمانوں پر اسرائیلی حملوں کی محض مذمت سے کچھ نہیں ملے گا۔ تحریکِ بیداریِ امتِ مصطفیٰ کے زیرِ اہتمام لاہور میں مرکزی ریلی کی قیادت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ سید جواد نقوی نے کہا کہ حزب اللہ، حماس اور اسلامی مزاحمتی تحریکوں نے امریکی وصیہونی عزائم کے برعکس، پوری دنیا کو فلسطین سے مربوط اور ہم آہنگ کر دیا۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ لاہور میں صوبائی صدر علامہ سیدعلی اکبر کاظمی کی قیادت میںریلی نکالی۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ فلسطینیوں نے اپنے خون سے لکیر کھینچ دی۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی جامع مسجداہلبیت واہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود غاصب اسرائیلی فورسز کی غزہ میں دہشت گردی افسوس ناک اورگریٹراسرائیل کی ایجنڈاکی تکمیل ہیتحریک دعوت توحیدکے مرکزی قائد میاں محمدجمیل نے جامع أبی ہریرہؓ کریم بلاک اقبال ٹاؤن میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اجڑا ہوا غزہ اور لٹے پٹے فلسطینی آج پھرکسی فاروق اعظمؓ کے منتظرہیں۔ بعدازاں فلسطینیوں کی حمایت اوراسرائیل کے خلاف مظاہرہ بھی کیا گیا۔