لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے شادی ہالز پر عائد اضافی ٹیکس کی وصولی روکنے کے احکامات میں 25 ستمبر تک توسیع کر دی ہے اور ایف بی آر کو دوبارہ نوٹسز جاری کیے ہیں۔ جسٹس شاہد جمیل خان نے رائو طارق اسلام سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں شادی ہالز پر اضافی ٹیکسز کو چیلنج کیا گیا ہے۔ ہائیکورٹ نے حیرت کا اظہار کیا کہ چھوٹی بڑی تقریبات کیلئے یکساں ٹیکس کیسے لگایا جاسکتا ہے۔ جسٹس شاہد جمیل خان نے ایف بی آر کے وکیل سے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت یکساں ایڈوانس ٹیکس کا نفاد کیا گیا۔ درخواستوں میں یہ نشاندہی کہ گئی کہ شا دی ہالز میں فنکشن اور تقریبات پر 5 فیصد کے حساب سے ایڈوانس ٹیکس ادا کرتے ہیں اور اب ایف بی آر کی ہدایت پر اس ٹیکس کے علاوہ 20 ہزار اضافی ٹیکس کا نفاد کر دیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر ایف بی آر کے ذمہ دار افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔