نوشکی: آئل ٹینکر میں آتشزدگی سے دھماکہ، 40 افراد زخمی 

نوشکی (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جبکہ لوگ آگ بھجانے میں مصروف تھے کہ ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد زخمی ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر نوشکی امجد سومرو نے بتایا کہ دھماکے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زیادہ جھلس کر زخمی ہونے والوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ جھلس کر زخمی ہونے والے دیگر افراد کو کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ مزید بتایا کہ ٹرک اڈے میں کھڑے آئل ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششوں کے دوران دوسرا واقعہ ہوا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق فائر بریگیڈ کا عملہ قریب ہونے کے بعد جھلس کر شدید زخمی ہوا۔ شہریوں کو جائے وقوع سے ہٹانے کے لیے موجود 4 پولیس اہلکار بھی جھلس کر زخمی ہوئے۔ ادھر، ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ نوشکی میں افسوس ناک حادثہ ہوا۔ آئل ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت سے موقع پر موجود فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی متاثر ہوئی۔ حادثے میں 30 سے زائد افراد کے جھلسنے کی اطلاعات ہیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول ہسپتال اور بی ایم سی منتقل کیا جار رہا ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، واقعہ افسوسناک ہے، اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن