لاہور(نامہ نگار)بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی کے موقع پر سابق گورنرپنجاب،پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود،چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین اور میڈیا کوآرڈینیٹر محمد سلیم مغل نے مشترکہ بیان میں کہا 27 دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا المناک باب ہے جو ہمیں اپنی عظیم رہنما کی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ بینظیر بھٹو نے اپنی جان دیکر پاکستان کے عوام کیلئے امید، حوصلے، اور روشنی کی ایک نئی کرن چھوڑ دی۔بینظیر بھٹو کی شہادت صرف ایک فرد کی قربانی نہیں بلکہ پاکستان کی تقدیر کا حصہ بن گئی۔ان کی جدوجہد،قربانی اور عزم ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ ملک سے محبت کیلئے ہر چیز قربان کی جا سکتی ہے۔ شہید بینظیر بھٹو کی قیادت اور جمہوریت کیلئے ان کی جدوجہد، ہماری اجتماعی یادداشت کا حصہ بن چکی ہے اور ان کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔