سبینا فاروق کا بھارتی میڈیا پر تنقید، نفرت پھیلانے اور برین واش نہ کرنے کی اپیل

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سبینا فاروق نے بھارتی میڈیا کے رویے پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کو نفرت پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے پہلگام میں ہونے والے حالیہ حملے پر بھارتی میڈیا کی جانب سے کیے گئے تبصروں پر ردعمل ظاہر کیا۔ سبینا فاروق نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ "خدارا، چاہے وہ فلسطین ہو یا پہلگام، دونوں جگہ گھروں کے اجڑنے اور اپنوں کے بچھڑنے کا درد یکساں ہے۔ جو چلے گئے وہ بھی مر گئے اور جو پیچھے رہ گئے ہیں وہ ہر روز مر رہے ہیں۔" سبینا فاروق نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہم ان لوگوں کی تکلیف کا صحیح طور پر اندازہ نہیں لگا سکتے جنہیں اس درد کا سامنا ہو رہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ ہر موضوع یا مسئلے کا مذاق نہ اُڑائیں اور کوئی بھی صورت حال ہو، احساس اور ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔ اداکارہ نے بھارتی میڈیا پر الزام عائد کیا کہ وہ لوگوں کے ذہنوں کو متاثر کر رہا ہے اور نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ "بھارتی میڈیا نفرت نہ پھیلائے، لوگوں کا برین واش نہ کرے اور تھوڑی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ ہر تکلیف کو کمائی کا موقع نہیں بنانا چاہیے، یہ انتہائی غیر اخلاقی ہے۔" سبینا فاروق نے اس موقع پر اپنے ساتھی فنکاروں کی حمایت کا بھی ذکر کیا، جن میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر، ماورا حسین، ماہرہ خان اور فواد خان شامل ہیں، جنہوں نے پہلگام حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔ سبینا فاروق کی اس پوسٹ نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی اور عوام میں اس پر بحث شروع ہو گئی۔ لوگوں نے ان کے اس پیغام کو سراہا اور بھارتی میڈیا کے منفی اثرات پر تنقید کی۔ اس کے علاوہ، اس واقعے کے بعد دیگر پاکستانی اداکاروں نے بھی اپنی آواز اٹھائی اور عالمی سطح پر امن و محبت کے پیغامات دیے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن