جنڈ (نمائندہ نوائے وقت) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) تحصیل جنڈ، ضلع اٹک کے زیر اہتمام آج بعد نماز جمعہ فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی، اسرائیلی ریاستی دہشتگردی اور بھارتی جنگی جنون کے خلاف ایک پْرامن مگر مؤثر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی کی قیادت جے یو آئی ضلع اٹک کے ناظم عمومی مولانا مفتی محمد عبداللہ نے کی۔ ان کے ہمراہ تحصیل امیر مولانا حامد نواز، تحصیل ناظم عمومی مفتی محمد ادریس، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا حسنین معاویہ، مولانا ابوبکر ابراہیم، مولانا فاروق معاویہ سمیت صدر انجمن تاجران جنڈ ملک غلام شاہ جنرل سیکرٹری انجمن تاجران جنڈ قاری عبدالوحید ۔بیسٹ وے کیئش اینڈ کیری کے اونر ہلال خان جلال خان برادر قاسم بایکیا سروس غلام قاسم کے علاؤہ دیگر جید علمائے کرام اور کاروباری شخصیات موجود تھی۔شرکائے ریلی نے فلسطینی مظلومین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ہاتھوں میں اٹھائے گئے بینرز اور پلے کارڈز پر "فلسطین سے رشتہ کیا؟ لا الہ الا اللہ"، "اسرائیل مردہ باد"، اور "مسجد اقصیٰ ہمارا قبلہ اول" جیسے نعرے درج تھے۔مقررین نے اپنے خطابات میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم امہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی انسانیت سوز کارروائیوں کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔